بدھ، 28 جنوری، 2015

معجزہ اور انسان

بنی اسرائیل کے انبیاء کو  اللہ نے طرح طرح کے معجزات عطا فرمائے تھے ۔
جن میں سے ایک معجزہ یہ تھا کہ ، اس زمانے کے نبی کو اللہ تعالی نے یہ معجزہ عطا فرمایا تھا کہ
ان کے پاس ایک زنجیر تھی  جو کہ ایک حجرے میں  چھت سے لٹکی ہوئی تھی ،  اگر کوئی بندہ اس زنجیر کو پکڑ کر جھوٹ بولتا تھا تو ! زنجیر اس بندے کو جکڑ لیتی تھی ۔
چوری کے معاملے میں مشکوک بندے کو یا کہ کسی بھی لین دین کے معاملے میں  مشکوک بندے اور مدعی  کو اس زنجیر کو یہ زنجیر پکڑ کر قسم کھانے کا کہا جاتا تھا ۔
اس دور میں ایک واقعہ ہوا کہ  ایک شخص کہیں سفر پر جانے سے پہلے ، قیمتی پتھروں اور موتیوں کی ایک مالا  ، کسی دوسرے شخص کے پاس امانت رکھ کر سفر پر چلا جاتا ہے ۔
سالوں بعد جب اس شخص کی سفر سے واپسی ہوتی ہے تو ، وہ اپنی امانت کی واپسی کے تقاضے کے ساتھ ، جب پہنچتا ہے تو ؟
وہ بندہ اس بات سے انکار کر دیتا ہے کہ اس کے پاس کسی قسم کی امانت رکھی گئی تھی ۔
یاد کرانے پر وہ شخص یہ موقف  اپناتا ہے کہ ، مالا اس کے پاس لائی گئی تھی لیکن اس نے وہ مالا  مسافر کو واپس کر دی تھی ۔
یہ معاملہ وقت کے نبی کے پاس جاتا ہے ۔
دونوں فریق  زنجیر والے حجرے میں پہنچ جاتے ہیں گاؤں کے کئی اور لوگ بھی تماشا دیکھنے آ جاتے ہیں ۔
پہلے مدعی ، زنجیر کو پکڑ کر کہتا ہے ۔
میں خدا کو  حاضر ناضر جان کر کہتا ہوں کہ میں نے اپنے دوست کے پاس اپنا ہار امانت رکھا تھا  ، اب وہ یہ ہار واپس کرنے سے انکاری ہے ۔
مدعی سچا تھا ، اس لئے زنجیر سے جکڑا نہیں گیا ۔
واپس آ کر مجمع میں شامل ہوتا ہے ۔
اب ملزم کی باری ہے  ، ملزم عمر رسیدہ بندہ چھڑی کے سہارے چلتا تھا ، ملزم نے اپنی چھڑی مدعی دوست کو تھمائی  کہ اسے سنبھالو ، میں بھی قسم اٹھا لوں ۔
چھڑی مدعی دوست کو تھما کر ، ملزم  زنجیر کے پاس جاتا ہے ، زنجیر کو پکڑ کر قسم کھاتا ہے ۔
کہ
میں خدا کو حاضر ناضر جان کر کہتا ہوں کہ میں نے  وہ ہار واپس کر دیا تھا جو کہ میرے پاس امانت رکھوایا گیا تھا ۔
ملزم  کو بھی زنجیر نہیں جکڑتی  کیونکہ ملزم سچ بول رہا تھا ۔
ملزم واپس مجمع میں آتا ہے ، اپنی چھڑی مدعی دوست سے ہاتھ میں لیتا ہے اور چلتا بنتا ہے ۔
شہر میں شور مچ جاتا ہے کہ   مدعی کا مدعا بھی سچ ہے اور ملزم  کا تردیدی بیان بھی سچ ہے تو ؟
ہار کہاں گیا ۔
وقت کے نبی بھی پریشان ہو جاتے ہیں کہ
یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ملزم بھی سچا ہو اور مدعی بھی ! تو پھر دعوے کا ہار کہاں گیا ۔
وقت کے نبی کے پاس پیغام آتا ہے کہ
ملزم نے اپنی چالاکی سے معجزے والی زنجیر کو بھی دھوکا دیا ہے ۔
ملزم نے اس طرح کیا ہے کہ
بانس کی چھڑی میں کھوکھلی بانسری میں ہار ڈال کر لاتا تھا ۔
جب مدعی نے قسم  دی اور واپس آیا تھا تو  ؟
وہ چھڑی جس کی کھوکھلی بانسری میں ہار تھا ، وہ مدعی کو تھما کر قسم کھانے چلا گیا ۔
تکنیکی طور پر اس وقت جب ملزم قسم کھا رہا تھا تو ، ہار مدعی کے ہاتھ میں تھا ۔
یعنی کہ ہار واپس پہنچ چکا تھا ۔
اپنی بریّت کی  سچی قسم اٹھا کر ، ملزم ہار سمیت چھڑی لے کر چلتا بنا ۔
حاصل مطالعہ
جنہوں نے حرام کھانا ہوتا ہے ، ان کے پاس تکنیکیں بھی بہت ہوتی ہیں ،۔

کوئی تبصرے نہیں:

Popular Posts